سپریم کورٹ نے ثابت کر دیا کہ تمام کیسز ناجائز تھے، اسد قیصر

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کو آٹھ مقدمات میں ضمانت دینا اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ تمام کیسز سیاسی اور ناجائز ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر کا کہنا تھا کہ اللہ کے ہاں دیر ہے، اندھیر نہیں، آج کے فیصلے نے ثابت کر دیا کہ تمام مقدمات بوگس اور سیاسی بنیادوں پر قائم کیے گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ وہ چیف جسٹس آف پاکستان اور سپریم کورٹ کے بینچ کو انصاف پر مبنی فیصلے دینے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور امید ظاہر کرتے ہیں کہ چیف جسٹس ماتحت عدالتوں کو بھی بغیر کسی دباؤ کے قانون کے مطابق فیصلے کرنے کی ہدایات دیں گے۔

اسد قیصر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور قیادت کے خلاف مقدمات بدنیتی اور انتقام پر مبنی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پی ٹی آئی کے جن اراکین اسمبلی کو سزا دے کر نااہل کیا گیا ہے، ان کے کیسز کو ہائی کورٹس میں براہ راست سنا جائے۔

پی ٹی آئی رہنما نے عدالتوں میں لائیو کارروائی کا مطالبہ بھی کیا اور کہا کہ فیصلے شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر ہونے چاہئیں تاکہ عوام کا عدلیہ پر اعتماد بحال ہو۔

یہ بھی پڑھیں : سپریم کورٹ! 9 مئی کے 8 مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانت منظور، رہائی کا حکم

اسد قیصر نے کہا کہ عوام آج بھی انصاف کے لیے عدالتوں کی طرف دیکھ رہی ہے، ہم عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں اور چاہتے ہیں کہ عدلیہ آزاد ہو، جہاں ہر شہری کو یقین ہو کہ اسے انصاف ملے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر ججز انصاف کے ساتھ کھڑے ہوں گے تو پوری قوم بھی ان کے ساتھ کھڑی ہوگی۔

Scroll to Top