ایبٹ آباد: بکوٹ کوھالہ نادرا رجسٹریشن سنٹر چوری کے بعد سروسز معطل، تحقیقات جاری

حمد اللہ خان
ایبٹ آباد (پختون ڈیجیٹل )بکوٹ کوھالہ میں قائم نادرا رجسٹریشن سنٹر کو افتتاح کے صرف بارہ دن بعد چوری کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث سنٹر اپنی خدمات فراہم کرنے سے معطل ہو گیا ہے۔

ایک ہفتہ گزرنے کے باوجود نہ چور گرفتار ہو سکے اور نہ ہی چوری شدہ سامان بازیاب ہو سکا ہے۔

ایس پی اشتیاق خان، ڈی ایس پی انوسٹی گیشن اور جائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کے سربراہ خان افسر خان، ڈی ایس پی گلیات امتیاز خان اور مقامی پولیس نے بکوٹ اور کوھالہ کا دورہ کیا اور تفتیشی عمل کا جائزہ لیا۔ تفتیش اب بھی جاری ہے لیکن ابھی تک کوئی حتمی پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔

مقامی پولیس کے مطابق چوروں کو گرفتار کرنے اور سامان برآمد کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں، تاہم ایس پی اشتیاق خان سے رابطہ نہیں ہو سکا اور ان کی جانب سے کوئی بیان موصول نہیں ہوا۔

کوھالہ پولیس چوکی سے چند فرلانگ دور مین سڑک پر واقع یہ نادرا سنٹر، جو سرکل بکوٹ اور آزاد کشمیر کے لاکھوں افراد کو گھر کے قریب سہولت فراہم کرنے کے لیے وفاقی حکومت کے ادارے نادرا نے قائم کیا تھا، چوری کی واردات کے باعث کام روک دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ڈینگی سے متعلق افواہیں؟ تحقیقاتی ٹیم نے ایبٹ آباد میں حقائق سامنے رکھ دیے

نادرا کی جانب سے سست روی پر احتجاج کے بعد ایک جائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم خان افسر خان کی سربراہی میں تشکیل دی گئی، جس نے دعویٰ کیا کہ تفتیش مکمل ہو رہی ہے اور جلد ہی مثبت خبر دی جائے گی۔

عوام میں اس واقعے پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے کیونکہ علاقے میں طویل عرصے کے بعد ملنے والی یہ سہولت چوری کی وجہ سے متاثر ہوئی ہے۔

مقامی افراد کا مطالبہ ہے کہ اس کیس کو جلد از جلد حل کیا جائے تاکہ ان کی پریشانی ختم ہو سکے۔

Scroll to Top