وزیراعظم شہبازشریف نے غذر میں تباہ کن سیلاب کے دوران 300 سے زائد جانیں بچانے والے تین چرواہوں کو اسلام آباد بلا لیا ہے۔
گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں پیش آنے والے ممکنہ انسانی المیے کو چند بہادر چرواہوں نے اپنی بروقت ہوشیاری سے ٹال دیا۔
گاؤں تالی داس کے قریب موجود وصیت خان اور ان کے ساتھیوں نے برفانی جھیل کے پھٹنے کا خطرہ محسوس کرتے ہی قریبی آبادی کو خبردار کیا جس کے نتیجے میں 300 سے زائد افراد کی زندگیاں محفوظ رہیں۔
اس بہادری کے اعتراف میں وزیراعظم شہباز شریف نے ان چرواہوں کو اسلام آباد مدعو کیا ہے، وزیراعظم سیکرٹریٹ کی جانب سے وصیت خان اور ان کے ساتھیوں کو وزیراعظم ہاؤس مدعو کیا گیا ہے۔
واقعے کے وقت تالی داس گاؤں میں ایک شادی کی تقریب بھی جاری تھی جس میں شرکت کے لیے آئے 50 مہمان بھی خطرے میں تھے، وصیت خان کی بروقت اطلاع سے سب کو محفوظ مقام پر منتقل کر لیا گیا۔
گلگت بلتستان پولیس نے وصیت خان کی حاضر دماغی پر انہیں 10 ہزار روپے نقد انعام اور تعریفی سند پیش کی۔
یہ بھی پڑھیں:غذر کے نوجوان چرواہے کی حاضر دماغی نے بڑا سانحہ ٹال دیا
واقعے کے بعد دریائے غذر میں شدید لینڈ سلائیڈنگ سے بھاری ملبہ گرا جس سے دریا کا بہاؤ تقریباً آٹھ سے نو گھنٹے رکا رہا اور پانی پھیل کر سات کلومیٹر طویل عارضی جھیل بن گئی۔





