پاکستان میں ربیع الاول کا چاند نظر نہیں آیا، ملک بھر میں یکم ربیع الاول 26 اگست بروز منگل کو ہوگی، عید میلاد النبی ﷺ 6 ستمبر بروز ہفتہ کو مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جائے گی۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی صدارت میں کراچی میں منعقد ہوا، زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ملک کے مختلف صوبائی دارالحکومتوں بشمول پشاور اور کوئٹہ میں بھی ہوئے۔
ملک بھر سے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی جس پر چاند کی عدم رویت کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔
مرکزی کمیٹی کے مطابق رواں سال نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا 1500 واں جشنِ ولادت ہفتہ 6 ستمبر کو منایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کل سعودی عرب کے اہم سفارتی دورہ پر جائیں گے
ملک بھر میں اس مبارک موقع پر ریلیاں، محافلِ میلاد، جلسے اور جلوس منعقد کیے جائیں گے جن میں علما کرام رسول اکرم ﷺ کی سیرت اور تعلیمات پر روشنی ڈالیں گے، نعت خواں نبی کریم ﷺ کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کریں گے۔





