نیویارک: یو ایس اوپن کے پہلے ہی راؤنڈ میں شکست کا سامنا کرنے والے روسی ٹینس اسٹار اور سابق عالمی نمبر ایک ڈینیئل میدودیو جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور میچ کے فوراً بعد اپنا ریکٹ زمین اور بینچ پر مار مار کر توڑ ڈالا۔
اتوار کو کھیلے گئے میچ میں میدودیو کو فرانس کے ٹینس کھلاڑی بینجمن بونزی کے ہاتھوں سخت مقابلے کے بعد پانچ سیٹ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اس اعصاب شکن مقابلے میں روسی کھلاڑی نے چیئر امپائر سے کئی بار فیصلوں پر بحث بھی کی، لیکن شکست کے بعد اُن کے جذبات مزید بھڑک اٹھے۔
میچ ختم ہونے کے بعد میدودیو نے غصے میں آ کر پہلے کورٹ کی زمین پر، اور پھر بینچ پر اپنا ریکٹ زور زور سے مارا، جس سے وہ مکمل طور پر ٹوٹ گیا۔ یہ منظر دیکھنے والوں کے لیے حیران کن مگر اُن کی مایوسی کا اظہار تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ رواں سال کے ومبلڈن ٹورنامنٹ میں بھی میدودیو کو بینجمن بونزی نے پہلے ہی راؤنڈ میں شکست دی تھی، جس سے یہ اُن کے لیے ایک دہری مایوسی بن گئی۔
دوسری جانب یو ایس اوپن کے سنگلز مقابلوں میں سربیا کے لیجنڈ ٹینس کھلاڑی نوواک جوکووچ اور امریکا کے ٹیلر فریٹز نے اپنے میچز جیت کر ٹورنامنٹ کے اگلے راؤنڈ میں جگہ بنا لی ہے۔





