پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اسد قیصر نے الزام عائد کیا ہے کہ اسلام آباد پولیس نے ان کے گھر پر غیر قانونی چھاپہ مارا، جسے انہوں نے سیاسی انتقام اور بزدلی قرار دیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ’’کچھ دیر قبل اسلام آباد میں میرے گھر پر پولیس نے بغیر کسی قانونی جواز کے چھاپہ مارا۔ یہ سراسر غیر قانونی اقدام ہے، جو ہمیں دباؤ میں لانے کی ایک ناکام کوشش ہے۔‘‘
پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ ’’میرے پاس پشاور ہائی کورٹ کی جانب سے دی گئی ضمانت موجود ہے، اس کے باوجود چھاپہ مارنا عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہے۔‘‘
اسد قیصر نے واضح الفاظ میں کہا’’اگر حکومت یہ سمجھتی ہے کہ ہم ان اوچھے ہتھکنڈوں سے خوفزدہ ہو جائیں گے تو یہ ان کی بہت بڑی غلط فہمی ہے۔ ہم نہ جھکیں گے، نہ پیچھے ہٹیں گے۔‘‘
پی ٹی آئی رہنما نے ان اقدامات کو جمہوری عمل پر حملہ قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ایسے ہتھکنڈوں کو بند کیا جائے اور آئین و قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے۔





