سیلابی علاقوں میں ریسکیو آپریشنز کی بہتری کے لیے پاک فوج طلب کر لی گئی

پنجاب :  پنجاب کے چھ اضلاع لاہور، قصور، سیالکوٹ، فیصل آباد، نارووال اور اوکاڑہ میں ضلعی انتظامیہ کی درخواست پر سول انتظامیہ کی مدد اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے فوج طلب کر لی گئی ہے۔

یہ اقدام ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بروقت امداد اور ممکنہ ناخوشگوار صورتحال سے بچاؤ کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور پولیس پہلے ہی فرنٹ لائن پر اپنی ذمہ داریاں نبھا رہی ہیں جبکہ اب فوج کی شمولیت سے ریسکیو اور ریلیف آپریشنز مزید مؤثر اور تیز تر ہونے کی توقع ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے فوج کی تعیناتی کے لیے وفاقی وزارت داخلہ کو مراسلہ بھی ارسال کر دیا ہے۔ چھوں اضلاع میں فوجی دستوں کی تعداد ضلعی انتظامیہ کی مشاورت سے طے کی جائے گی تاکہ ہر علاقے کی ضروریات کے مطابق بہترین مدد فراہم کی جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : ہیڈمرالہ پر سیلابی دباؤ میں اضافہ، وزیراطلاعات نے آئندہ 12 گھنٹے نازک قرار دیے

اس کے علاوہ سیلابی علاقوں میں ضرورت کے تحت آرمی ایوی ایشن اور دیگر وسائل بھی فراہم کیے جائیں گے تاکہ ریسکیو اور ریلیف کے کاموں میں کوئی رکاوٹ نہ آئے اور متاثرہ افراد کو جلد از جلد امداد پہنچائی جا سکے۔

صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عوام کی حفاظت اور جان و مال کے تحفظ کے لیے ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔ مزید صورتحال کے حوالے سے متعلقہ حکام وقتاً فوقتاً بریفنگ فراہم کریں گے۔

Scroll to Top