کرتارپور کے قریب دریائےراوی کا حفاظتی بند ٹوٹنے سے پانی گردوارے میں داخل

کرتارپور کے قریب دریائےراوی کا حفاظتی بند ٹوٹنے سے پانی گردوارے میں داخل

دریائے راوی میں شدید طغیانی کے باعث کرتارپور کے قریب حفاظتی بند ٹوٹ گیا، جس کے نتیجے میں پانی گردوارہ دربار صاحب میں داخل ہو گیا۔ صورتحال کے پیش نظر نارووال-شکرگڑھ روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق بھارتی آبی جارحیت کے نتیجے میں دریائے راوی میں کوٹ نیناں کے مقام پر 2 لاکھ 50 ہزار کیوسک سے زائد پانی کا ریلا گزر رہا ہے، جس سے بھیکو چک کے قریب حفاظتی بند میں بڑا شگاف پڑ گیا۔ نتیجتاً بھیکو چک، نوشہرہ، نوگزہ، کرتارپور مین شاہراہ، منڈی خیل اور بھجنہ سمیت متعدد علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں۔

نجی ٹی وی چینل (سما نیوز )کے مطابق پانی کے تیز بہاؤ کے باعث نارووال-شکرگڑھ مرکزی شاہراہ پر آمد و رفت معطل ہو چکی ہے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں جبکہ شہریوں سے نشیبی علاقوں سے فوری انخلا کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

محکمہ آبپاشی کے مطابق ملک کے مختلف دریا خطرناک حد تک بھر چکے ہیں،دریائے چناب، مرالہ کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب، پانی کی آمد 7 لاکھ 69 ہزار کیوسک اور اخراج 7 لاکھ 62 ہزار کیوسک۔ہیڈ خانکی، پانی کا بہاؤ 7 لاکھ 5 ہزار کیوسک۔دریائے راوی، جسڑ میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب، شاہدرہ پر بہاؤ 72 ہزار کیوسک۔بلوکی ہیڈ ورکس، آمد 79 ہزار، اخراج 67 ہزار کیوسک۔گنڈا سنگھ والا، پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 45 ہزار کیوسک۔ہیڈ سلیمانکی،پانی کا بہاؤ 1 لاکھ کیوسک۔

انتظامیہ اور ریسکیو اداروں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ متاثرہ اور نشیبی علاقوں سے دور رہیں، اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر امدادی اداروں سے رابطہ کریں۔ ضلعی حکومت نے ممکنہ خطرات کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا ہے۔

Scroll to Top