عمرہ زائرین کے لیے خوشخبری، ایک بڑی سہولت بالکل مفت فراہم

مکہ مکرمہ : عمرہ زائرین کے لیے سہولت کا خوش آئند اعلان سامنے آیا ہے۔

ماہِ ربیع الاول کے دوران دنیا بھر سے بڑی تعداد میں زائرین عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب پہنچ رہے ہیں، جن کے لیے حرمین شریفین کی انتظامیہ نے ایک اہم اور لازمی رکن کی سہولت بالکل مفت فراہم کر دی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق عمرہ مکمل کرنے والے مرد زائرین کے لیے بال کٹوانے کی مفت سہولت حرم مکہ میں مہیا کی گئی ہے۔ یہ سہولت صفا اور مروہ کے قریب ایک مخصوص مقام پر دی جا رہی ہے جہاں روزانہ بڑی تعداد میں زائرین مستفید ہو رہے ہیں۔

انتظامیہ کی جانب سے اس مقام پر آگاہی کے لیے معلوماتی بورڈز بھی لگائے گئے ہیں تاکہ زائرین کو سہولت کے بارے میں بروقت معلومات مل سکیں۔ تاہم، یہ سہولت صرف مرد زائرین کے لیے مخصوص ہے اور خواتین کو اس مقام پر جانے کی اجازت نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کتنے سرکاری ملازمین و افسران بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے غیر قانونی طور پر فائدہ اٹھاتے رہے؟ تفصیلات سامنے آگئیں

واضح رہے کہ عمرہ کی تکمیل کے لیے حلق یا قصر کا عمل شرعی طور پر لازمی ہے۔ جب تک یہ رکن مکمل نہ ہو، احرام ختم نہیں ہوتا اور اس کی تمام پابندیاں برقرار رہتی ہیں۔

Scroll to Top