شارجہ: سہ فریقی کرکٹ سیریز کے پہلے میچ کے دوران پاکستان اور افغانستان کے درمیان شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں افغان شائقین نے بغیر ٹکٹ اسٹیڈیم میں داخل ہونے کی کوشش کی، جس کے باعث انتظامیہ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان شائقین نے مرکزی گیٹ کے ساتھ شائقین کے لیے مخصوص دروازہ بھی توڑ دیا۔
شارجہ اسٹیڈیم کی انتظامیہ نے پاکستان اور افغانستان کے شائقین کے درمیان ماضی میں پیش آنے والے جھگڑوں اور ناخوشگوار واقعات کو روکنے کے لیے اس بار دونوں ممالک کے شائقین کے لیے الگ الگ اسٹینڈز، پویلینز اور راستے مختص کیے تھے۔
علاوہ ازیں ٹکٹس کے رنگوں میں بھی فرق رکھا گیا تھا تاکہ پاکستانی شائقین کے لیے ہرا رنگ اور افغان شائقین کے لیے نیلا رنگ مخصوص ہو۔
یہ اقدامات اس لیے اٹھائے گئے تھے تاکہ شائقین کے درمیان امن قائم رہے اور کسی قسم کی ناخوشگوار صورتحال پیدا نہ ہو۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان نے افغانستان کو39رنز سے شکست دیدی
تاہم اس کے باوجود افغان شائقین کی جانب سے بغیر ٹکٹ اسٹیڈیم میں داخلے کی کوشش اور دروازہ توڑنے کا واقعہ رونما ہوا۔
واضح رہے کہ اس سہ فریقی سیریز کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے افغانستان کو 39 رنز سے شکست دی ہے۔





