ضلع کرم کے علاقے لوئر کرم میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک مسافر گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس نے لاشوں کو ضلعی اسپتال منتقل کر دیا جبکہ حملہ آوروں کی تلاش اور واقعے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ لوئر کرم کے ایک حساس علاقے میں پیش آیا، جہاں نامعلوم حملہ آوروں نے ایک مسافر گاڑی کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ جاں بحق افراد کی لاشیں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور مختلف زاویوں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
اس واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے علاقے سے رکن قومی اسمبلی انجینئر حمید حسین نے واقعے کو علاقے کے امن کو ثبوتاژ کرنے کی سازش قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا۔
یہ دہشت گردی کا واقعہ پُرامن فضا کو خراب کرنے کی کوشش ہے۔ عوام ہوشیار رہیں اور متحد ہو کر ان سازشوں کو ناکام بنائیں۔’’علاقے میں واقعے کے بعد خوف و ہراس کی فضا ہے جبکہ سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔





