سابق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کی ہمشیرہ اور معروف ڈینٹسٹ، ڈاکٹر زعیمہ علوی احمد طویل علالت کے بعد انتقال کر گئیں۔
تفصیلات کے مطابق اُن کے انتقال کی خبر خود ڈاکٹر عارف علوی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک جذباتی پیغام کے ذریعے دی۔ڈاکٹر عارف علوی نے اپنی پوسٹ میں لکھا’’میری پیاری بہن، ہمدرد، دوست، اور مجھ سے بے پناہ محبت کرنے والی ڈاکٹر زعیمہ علوی احمد اللہ کو پیاری ہو گئیں‘‘
ڈاکٹر زعیمہ علوی احمد نہ صرف ایک ماہر دندان ساز تھیں بلکہ ایک نیک دل، دردمند اور مخیر خاتون کے طور پر بھی جانی جاتی تھیں۔ انہوں نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ انسانیت کی خدمت اور دینی کاموں کے لیے وقف کر رکھا تھا۔
ڈاکٹر عارف علوی کے مطابق، ان کی بہن کو اپنے شوہر ڈاکٹر رشید احمد کی 2019 میں وفات کے بعد اللہ سے مزید قربت حاصل ہوئی، اور وہ آخری ایام میں عبادت و روحانیت میں مصروف رہیں۔
اپنے پیغام میں سابق صدر نے مزید لکھا’’جب فرشتوں نے انہیں آواز دی ہوگی، تو میری مطمئن بہن اپنے رب کی طرف چل پڑی ہوں گی۔ اے اللہ! اپنی رحمت سے ان کی مغفرت فرما، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کر، اور ان کے درجات بلند فرما، آمین۔‘‘
ڈاکٹر زعیمہ علوی احمد کی وفات پر مختلف سماجی، سیاسی اور طبی حلقوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، اور ان کی دینی، فلاحی و پیشہ ورانہ خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔





