اسلام آباد: مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والا دفاعی معاہدہ ایک تاریخی کامیابی ہے جو عالم اسلام کے سیکڑوں سال پرانے خواب کی تعبیر ہے۔
انہوں نے یہ بات نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ یہ معاہدہ صرف ایک دستاویز نہیں بلکہ مسلم امہ کے اتحاد کی بنیاد ہے اور مستقبل میں تمام مسلمان ممالک اس اتحاد کا حصہ ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ وقت آئے گا جب کسی بھی مسلمان ملک پر ظلم یا حملہ تمام مسلم ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ خاص طور پر سعودی عرب پر کسی حملے کو پاکستان سمیت تمام مسلمانوں پر حملہ سمجھا جائے گا۔
مشیر وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کی جوہری طاقت پر کوئی شک نہیں کیا جا سکتا، جبکہ سعودی عرب اقتصادی طور پر مضبوط ملک ہے۔ جب دونوں ممالک ایک ساتھ آئیں گے تو یہ عالمی سطح پر ایک ورلڈ سپر پاور بن جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم شہباز شریف چار روزہ دورے پر لندن پہنچ گئے
انہوں نے کہا کہ جو بھی مسلمان ملک پر جارحیت کرے گا، ورلڈ سپر پاور اس کا نوٹس لے گی اور مدد فراہم کرے گی۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب دہشتگردی کے خلاف بھی قریبی تعاون کریں گے کیونکہ دہشتگردی پاکستان پر حملہ ہے، اسی طرح سعودی عرب پر حملہ بھی تمام مسلم ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سعودی عرب کا مسلم ممالک میں خاص احترام ہے اور اس معاہدے پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا، جس سے پاکستان کو بہت سے نئے مواقع میسر آئیں گے۔





