میچ کی جیت کی خوشی کے بیچ دنیتھ ویلالاگے پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا

ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی 2025 میں سری لنکن آل راؤنڈر دنیتھ ویلالاگے کے لیے کرکٹ کا میدان اُس وقت ذاتی المیے میں بدل گیا جب انہیں افغانستان کے خلاف میچ کے فوراً بعد اپنے والد کے انتقال کی افسوسناک خبر موصول ہوئی۔

دنیتھ ویلالاگے کو یہ افسوسناک اطلاع سری لنکن ٹیم کے منیجر کی جانب سے دی گئی، خبر سن کر نوجوان کھلاڑی جذباتی ہو گئے جبکہ ٹیم مینجمنٹ اور تمام کھلاڑیوں نے ان کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور اس مشکل گھڑی میں ان کا بھرپور ساتھ دیا۔

دنیتھ ویلالاگے نے میچ کے دوران 4 اوورز میں 49 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی لیکن ان کے چوتھے اوور میں افغان آل راؤنڈر محمد نبی نے انہیں لگاتار پانچ چھکے جڑ دیے جس نے میچ کو ایک سنسنی خیز موڑ دے دیا۔

میچ کے بعد جب محمد نبی کو علم ہوا کہ جن باؤلر کی گیندوں پر وہ آخری اوور میں چھائے رہے وہ نوجوان کرکٹر ذاتی سانحے سے بے خبر میدان میں اپنی ٹیم کے لیے کھیل رہا تھا تو وہ بھی گہرے دکھ میں مبتلا ہو گئے یہ لمحہ میدان میں موجود کئی کھلاڑیوں کے لیے جذباتی تھا۔

یہ بھی  پڑھیں: ایشیاکپ:سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا نے افغانستان کو ہرا دیا

اسی میچ میں سری لنکا نے افغانستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا، دنیتھ ویلالاگے کے لیے یہ فتح خوشی کے بجائے ایک ذاتی صدمے کے سائے میں چھپ گئی۔

Scroll to Top