خیبرپختونخوا میں روسی فاختہ کے شکار کا سیزن باضابطہ طور پر شروع ہو گیا ہے۔ چیف کنزرویٹر وائلڈ لائف خیبرپختونخوا نے صوبے بھر میں اس شکار کی مشروط اجازت کا اعلان کیا ہے، جو حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کے لیے مرتب کردہ مؤثر حکمت عملی کے تحت دیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل (ایکسپریس نیوز)کے مطابق محکمہ جنگلات و جنگلی حیات خیبرپختونخوا کے ترجمان لطیف الرحمن کے مطابق، یہ اجازت خیبرپختونخوا وائلڈ لائف اینڈ بائیو ڈائیورسٹی ایکٹ 2015 کے تحت دی گئی ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، روسی فاختہ کا شکار صرف 31 اکتوبر 2025 تک جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو کیا جا سکے گا۔ شکار میں حصہ لینے والے شکاریوں کے پاس لازمی طور پر لائسنس یافتہ اسمال گیم شوٹنگ لائسنس ہونا چاہیے۔
وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ نے واضح کیا ہے کہ پورے سیزن کے دوران فیلڈ اسٹاف پرندوں کی آبادی کی سخت نگرانی کرے گا اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ غیر متعینہ ایام یا بغیر لائسنس شکار کرنے والے شکاریوں کو کسی رعایت کے بغیر سزا دی جائے گی۔
شکار کی فیس فی پرندہ 25 روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ شکار کی بیگ لمٹ لائسنس میں واضح ہوگی۔ مقررہ حد سے زیادہ پرندے رکھنے کی صورت میں فی پرندہ 5 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں، شکار صرف طلوعِ آفتاب سے پہلے اور غروبِ آفتاب کے بعد سختی سے ممنوع ہوگا۔
چیف کنزرویٹر وائلڈ لائف نے اس فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کا مقصد قدیم شکار کے رواج کو برقرار رکھتے ہوئے جنگلی حیات کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ محکمہ اس امر کو بھی یقینی بنائے گا کہ صوبے کے ماحولیاتی توازن پر کوئی منفی اثر نہ پڑے۔
یہ حکمت عملی ذمہ دارانہ شکار کے فروغ اور خیبرپختونخوا میں روسی فاختہ کی آبادی کے دیرپا تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ترتیب دی گئی ہے تاکہ صوبے کے قدرتی وسائل کا استحکام برقرار رہے۔





