باجوڑ میں گرینڈ جرگہ، قبائلی عمائدین نے پاک فوج کے ساتھ قربانی اور اتحاد کا عزم دہرا دیا۔
تفصیلات کے مطابق باجوڑ کے علاقے ماموند میں ایک اہم گرینڈ جرگے کا انعقاد کیا گیا، جس میں قبائلی عمائدین نے وطن کی خاطر پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑنے اور ہر قسم کی قربانیاں دینے کا پر عزم اعلان کیا۔ اس موقع پر فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا نارتھ کے زیر اہتمام منعقدہ اس جرگے میں آئی جی ایف سی نارتھ، سول انتظامیہ، قبائلی مشران اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
جرگے کو بتایا گیا کہ خوارج کی موجودگی کی اطلاعات کی بنیاد پر متعلقہ علاقوں میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں۔ قبائلی عمائدین اور مشران نے اس موقع پر پاک فوج کے ساتھ مکمل یکجہتی اور وطن کی سلامتی کے لیے ہر قربانی دینے کا عزم دوبارہ دہرایا۔
شرکاء نے پاک فوج کی امن کے قیام کے لیے دی گئی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور عوام کی جانب سے پاکستان اور پاک فوج کے حق میں بلند نعرے بھی لگائے گئے۔ قبائلی عمائدین اور عوام نے ٹی ڈی پیز کی بر وقت واپسی اور جرگے کے انعقاد پر پاک فوج کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
یہ گرینڈ جرگہ قبائلی علاقوں میں امن و امان کے فروغ اور قومی یکجہتی کی ایک روشن مثال قرار دیا جا رہا ہے۔





