انتظار کی گھڑیاں ختم !دنیا کا سب سے اونچا پل ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا

انتظار کی گھڑیاں ختم !دنیا کا سب سے اونچا پل ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا

چین کے جنوب مغربی پہاڑی صوبے گویژو میں انجینئرنگ کا ایک حیرت انگیز شاہکار مکمل ہو گیا ہے دنیا کا سب سے بلند پل، ہواجیانگ گرینڈ کینین پل (Huajiang Grand Canyon Bridge) ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق یہ پل اتوار کی صبح باقاعدہ طور پر کھولا گیا اور اب صرف دو منٹ میں ایک ایسی گہری اور خطرناک وادی عبور کی جا سکتی ہے، جسے پار کرنے میں پہلے دو گھنٹے لگتے تھے۔

یہ ناقابلِ یقین پل 625 میٹر (تقریباً 2,050 فٹ) کی بلندی پر واقع ہے اور اسے چین کے مشہور دریا بیپان پر تعمیر کیا گیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ بلندی سان فرانسسکو کے گولڈن گیٹ پل سے نو گنا زیادہ ہے!

یہ نہ صرف دنیا کا سب سے اونچا پل ہے، بلکہ اپنے 1,420 میٹر لمبے مین اسپین کی وجہ سے یہ پہاڑی علاقے میں بنایا گیا دنیا کا سب سے طویل اسٹیل ٹراس گرڈر سسپنشن پل بھی بن گیا ہے۔

گویژو، جو ایک عرصے تک چین کا کم ترقی یافتہ صوبہ مانا جاتا رہا ہے، آج دنیا کے جدید ترین انفراسٹرکچر کا گڑھ بن چکا ہے۔ یہاں اب تک 30,000 سے زائد پل تعمیر کیے جا چکے ہیں۔ حیرت انگیز طور پر دنیا کے 100 سب سے بلند پلوں میں سے نصف صرف گویژو میں موجود ہیں۔

قابلِ ذکر بات یہ بھی ہے کہ اس سے پہلے کا دنیا کا بلند ترین پل بھی بیپان دریا پر واقع تھا، جو ہواجیانگ پل سے صرف 100 کلومیٹر دور ہے، اور اس کی بلندی 565.4 میٹر تھی۔ وہ پل 2016 میں مکمل ہوا تھا۔

Scroll to Top