ایشیا کپ 2025 کی ٹرافی بھارتی ٹیم کو نہ ملنے کے بعد، بھارتی کھلاڑیوں نے سوشل میڈیا پر فرضی ٹرافی کی تصویر پوسٹ کر کے اپنے دل بہلانے کی کوشش کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی بیٹسمین ابھیشیک شرما اور شبھمن گل نے اپنے انسٹاگرام اور ٹوئٹر اکاؤنٹس پر ایک ایسی تصویر شیئر کی جس میں وہ فرضی ٹرافی تھامے نظر آ رہے ہیں۔یہ اقدام کرکٹ شائقین اور ماہرین کی جانب سے شدید تنقید کا شکار ہوا ہے، جنہوں نے سوال اٹھایا کہ جب اصلی ٹرافی تو ملی ہی نہیں، تو فرضی ٹرافی کی نمائش کا کیا مقصد ہے؟
واضح رہے کہ بھارتی ٹیم نے پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ نہ ملانے اور دیگر رویوں کی وجہ سے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کر دیا تھا۔ اے سی سی کے صدر محسن نقوی نے بھی اس ہٹ دھرمی کو قبول نہیں کیا اور بھارتی ٹیم کو ٹرافی دیے بغیر تقریب ختم کر دی گئی۔
بعد ازاں، بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے بھی اے سی سی کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا کہ بھارتی ٹیم ٹرافی وصول نہیں کرے گی، جس کے بعد اصل ٹرافی سٹیڈیم سے واپس بھیج دی گئی۔
یہ واقعہ بھارتی ٹیم کی رویہ کے باعث کرکٹ کمیونٹی میں ایک بڑی بحث کا موضوع بنا ہوا ہے۔





