محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں کے لیے موسم سے متعلق تازہ پیشگوئی جاری کر دی ہے، جس کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم چند مقامات پر بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مشرقی سندھ میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ ان علاقوں میں عمر کوٹ، تھرپارکر، بدین، مٹھی اور سجاول شامل ہیں۔
اسلام آباد سمیت پنجاب اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، جبکہ آزاد کشمیر میں بھی موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا کے کچھ شمالی علاقوں جیسے چترال، دیر، سوات اور کوہستان میں بھی جزوی ابر آلود موسم کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔





