خیبرپختونخوا میں موسم بدلنے کو تیار، بارشوں کی نئی لہر کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے، جب کہ بعض علاقوں میں موسم جزوی ابرآلود اور دیگر میں گرم و خشک رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، بالائی پنجاب اور سندھ کے ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

اسلام آباد میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے، جب کہ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، نارووال، سیالکوٹ، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، اور گوجرانوالہ سمیت دیگر شہروں میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ادھر خیبرپختونخوا کے علاقوں دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، پشاور، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، مالاکنڈ، کوہاٹ، بنوں، وزیرستان، کرم اور دیگر اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

سندھ کے ساحلی علاقوں کراچی، بدین، سجاول اور ٹھٹھہ کے چند مقامات پر بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ بلوچستان کے ساحلی اضلاع لسبیلہ، آواران اور مکران میں بھی بارش کا امکان ہے۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔ تاہم اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا اور زیریں سندھ کے بعض علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بارش اور تیز ہواؤں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں سلائیڈنگ اور شہری علاقوں میں نشیبی مقامات پر پانی جمع ہونے سے خبردار رہیں۔

Scroll to Top