فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں 272 ویں کور کمانڈرز کانفرنس کی صدارت کی۔
اجلاس کا آغاز حالیہ دہشت گرد حملوں کے شہداء کے لیے فاتحہ خوانی سے ہوا، جنہیں بھارتی دہشت گرد پراکسیز نے منظم کیا۔فیلڈ مارشل نےپاک افواج کے جذبے، عزم اور حوصلے کو سراہا، جو غیر ملکی سرپرستی یافتہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ اور حالیہ سیلابوں کے بعد سول انتظامیہ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر بڑے پیمانے پر ریلیف اور ریسکیو آپریشنز کے دوران نمایاں طور پر سامنے آیا۔
فورم میں جاری انسدادِ دہشت گردی آپریشنز، ابھرتے ہوئے خطرات اور آپریشنل تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ فورم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک افواج پاکستان کے دشمنوں کے تمام تر مذموم عزائم ناکام بنانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ دہشت گردی اور جرائم کا موجودہ گٹھ جوڑ، جو بعض سیاسی سرپرستی کے باعث ریاست اور عوام کی سلامتی کو نقصان پہنچا رہا ہے، کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
فورم نے بھارتی سیاسی و عسکری قیادت کی جانب سے حالیہ غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز بیانات پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔شرکاء نے کہا کہ بھارت کی یہ روش سیاسی مقاصد کے لیے جنگی جنون بھڑکانے کے رجحان کو ظاہر کرتی ہے جس سے خطے کے امن و استحکام کو شدید خطرہ لاحق ہے۔
کانفرنس نے واضح کیا کہ بھارت کی کسی بھی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا تاکہ جغرافیہ کی بنیاد پر کسی بھی قسم کے محفوظ ہونے کے تصور کو توڑا جا سکے۔ کسی بھی “خیالی نئے معمول” کا جواب ایک نئے اور تیز تر ردعمل کے ذریعے دیا جائے گا۔
شرکاء نے عزم ظاہر کیا کہ بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد نیٹ ورکس جیسے فتنہ الخوارج اور فتنہ الہند کو ہر شعبے میں انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں کے ذریعے مکمل طور پر ختم کیا جائے گا۔
فورم نے پاکستان کی حالیہ اعلیٰ سطحی سفارتی کوششوں کو سراہا اور علاقائی و عالمی امن کے لیے عزم کو دہرایا۔ اجلاس نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے کا خیر مقدم کیا، جس کا مقصد تعلقات کو مزید مستحکم کرنا، کثیر الجہتی تعاون کو فروغ دینا اور کسی بھی بیرونی جارحیت کا مشترکہ جواب دینا ہے۔ یہ معاہدہ مشرقِ وسطیٰ اور جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی کے لیے مشترکہ اقدار اور وژن کی عکاسی کرتا ہے۔
فورم نے کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کے لیے غیر متزلزل حمایت کے عزم کو دہرایا اور کہا کہ کشمیری عوام کو ان کا حقِ خود ارادیت دلانے کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد ناگزیر ہے۔
اجلاس نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا بھی اعادہ کیا اور امید ظاہر کی کہ جلد جنگ بندی ہو اور غزہ کے عوام تک انسانی امداد پہنچے۔فورم نے دو ریاستی حل پر پاکستان کے اصولی مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ آزاد فلسطینی ریاست، 1967 کی سرحدوں اور القدس الشریف کو دارالحکومت بنا کر قائم ہونی چاہیے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کمانڈرز کو ہدایت دی کہ اعلیٰ ترین آپریشنل تیاری، نظم و ضبط، جسمانی فٹنس، جدت اور بروقت ردعمل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج روایتی، غیر روایتی، ہائبرڈ اور غیر متناسب تمام خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔





