وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا باضابطہ طور پر استعفیٰ گورنر ہاؤس کو موصول ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ استعفیٰ آئینی و قانونی تقاضوں کی جانچ کے بعد مناسب وقت پر کارروائی کے لیے پیش کیا جائے گا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری بیان میں کہا کہ’’آج دوپہر 2 بج کر 30 منٹ پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا دستخط شدہ استعفیٰ باضابطہ طور پر گورنر ہاؤس کو موصول ہوا ہے۔ آئین اور متعلقہ قوانین کے تحت اس کی مکمل جانچ اور قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ہی منظوری دی جائے گی۔‘‘
گورنر ہاؤس کے ترجمان کے مطابق، معاملے کو شفاف، قانونی اور منظم طریقے سے آگے بڑھایا جائے گا تاکہ کسی بھی آئینی پیچیدگی سے بچا جا سکے۔
یاد رہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف نے علی امین گنڈاپور کو وزارتِ اعلیٰ سے ہٹانے کا فیصلہ کرتے ہوئے سہیل آفریدی کو نیا قائد ایوان نامزد کر دیا ہے۔ سہیل آفریدی کا تعلق ضلع خیبر سے ہے اور وہ پہلی مرتبہ پی کے-70 سے صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔ ماضی میں وہ انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن خیبرپختونخوا کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔
اپنے استعفیٰ میں علی امین گنڈاپور نے تحریر کیا’’میرے لیے باعث اعزاز ہے کہ میں اپنے قائد کے حکم کی تعمیل کر رہا ہوں۔’’یہ سیاسی پیش رفت خیبرپختونخوا کی سیاست میں بڑی تبدیلی کا اشارہ دے رہی ہے، اور آئندہ چند دنوں میں نیا وزیراعلیٰ منتخب کیے جانے کے امکانات مضبوط ہوتے جا رہے ہیں۔‘‘





