خیبرپختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی کی حلف برداری آج کچھ دیر بعد ہونے جا رہی ہے۔ پشاور ہائی کورٹ کے حکم پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نئے وزیراعلیٰ سے حلف لیں گے۔
پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے اپنے فیصلے میں واضح کیا تھا کہ گورنر خیبرپختونخوا نو منتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے بدھ کو دوپہر 4 بجے حلف لیں۔ عدالت نے کہا تھا کہ اگر گورنر نے حلف لینے سے انکار کیا تو اسی دن اسپیکر نو منتخب وزیراعلیٰ سے حلف لیں گے۔
گزشتہ روز کراچی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گورنر فیصل کریم کنڈی کو پشاور جانے اور عدالتی حکم کی تعمیل کرنے کی ہدایت کی تھی۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق بانی تحریک انصاف عمران خان نے سہیل آفریدی کو کابینہ منتخب کرنے کا مکمل اختیار دے دیا ہے، جس کے تحت وہ منتخب نمائندوں یا ٹکٹ ہولڈرز میں سے اپنی کابینہ تشکیل دیں گے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل محمد سہیل آفریدی کو خیبرپختونخوا اسمبلی میں نئے وزیراعلیٰ کے طور پر منتخب کیا گیا تھا، جبکہ اپوزیشن جماعتوں نے اس موقع پر اسمبلی سے واک آؤٹ کیا تھا۔ خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس اسپیکر بابر سلیم سواتی کی زیر صدارت ہوا، جس میں سہیل آفریدی کو 90 اراکین نے ووٹ دیے تھے۔





