محکمہ موسمیات نے شہریوں کو سموگ کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا

محکمہ موسمیات نے ملک میں سموگ کے بڑھنے کی پیش گوئی کر دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق آئندہ دنوں میں خشک موسمی حالات کے سبب سموگ کی شدت میں اضافہ متوقع ہے، جس سے شہری علاقوں میں تشویشناک حد تک حدِ نگاہ متاثر ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مشرقی پنجاب کے مختلف علاقوں پر سموگ کی موٹی تہہ چھائی رہنے کا امکان ہے اور صنعتی آلودگی، گاڑیوں کا دھواں اور دیگر آلودگی کے عوامل اس میں اضافے کا باعث بن سکتے ہیں۔

رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ سموگ سے سانس کی بیماریوں میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے، خاص طور پر بچے، بوڑھے اور بیمار افراد زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔

ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ سموگ کے دوران احتیاطی تدابیر اپنائیں، باہر نکلتے وقت ماسک پہنیں اور اگر ممکن ہو تو آلودہ فضا میں طویل وقت نہ گزاریں۔

محکمے نے اس بات کی بھی نشاندہی کی ہے کہ کم حدِ نگاہ کے سبب ٹریفک حادثات میں اضافہ ہو سکتا ہے، اس لیے ڈرائیورز اور پیدل افراد کو بھی محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں : آج کہاں کہاں بادل برسیں گے؟ موسم کے حوالے سے اہم پیشگوئی

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور چند علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں موسم خشک رہے گا، تاہم سردی کی شدت برقرار رہے گی۔
مری، گلیات اور شمالی پہاڑی علاقوں میں موسم سرد اور قدرے خشک رہے گا۔
سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور رات کے وقت سرد ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں بھی موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مشرقی پنجاب کے متعدد اضلاع بدستور سموگ کی لپیٹ میں رہیں گے۔اس فہرست میں لاہور، گوجرانوالہ، قصور، شیخوپورہ، اوکاڑہ، فیصل آباد اور سیالکوٹ شامل ہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سموگ سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر بزرگ، بچے اور سانس کے مریض ماسک کا استعمال کریں اور غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز میں بھی خشک موسم برقرار رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث سموگ کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

Scroll to Top