غیر قانونی گولڈ مائننگ سے حاصل رقم کا 80 سے 85 فیصد افغانستان منتقل ہو رہا تھا، سہیل آفریدی کے بھائی نوید آفریدی سمیت دیگر کے نام سامنے آئے ہیں، ثمر ہارون بلور

چارسدہ:مشیر گورنر خیبر پختونخوا برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ، ریلیف، بحالی و آبادکاری ثمر ہارون بلور نے چارسدہ پریس کلب کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے صحافیوں سے ملاقات اور پریس بریفنگ کے دوران صوبے کی معدنیات، غیر قانونی گولڈ مائننگ، امن و امان اور صوبائی مالی صورتحال پر تفصیلی اظہارِ خیال کیا۔

پریس بریفنگ کے دوران مشیر گورنر ثمر ہارون بلور نے الزام عائد کیا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سابق صوبائی حکومت کو اپنی حکومت کے خاتمے کا اندازہ تھا اور گورنر راج و ایمرجنسی کے نفاذ سے قبل سابق حکومت نے صوبائی خزانہ خالی کر دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب موجودہ انتظامیہ نے ذمہ داریاں سنبھالیں تو محکمہ اطلاعات کے اکاؤنٹ میں صرف دس لاکھ روپے موجود تھے جبکہ دیگر سرکاری محکموں کے فنڈز بھی نکالے جا چکے تھے۔

ثمر ہارون بلور کے مطابق سابقہ حکومت کی روانگی سے قبل مالی معاملات کی منصوبہ بندی پر سوالات اٹھتے ہیں، اور خالی سرکاری اکاؤنٹس کے باعث انتظامی امور چلانے میں شدید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ثمر ہارون بلور نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کی سابق صوبائی حکومت کی نگرانی میں صوبے کے مختلف علاقوں میں مبینہ طور پر غیر قانونی گولڈ مائننگ جاری تھی، جس میں سہیل آفریدی کے بھائی نوید آفریدی سمیت دیگر افراد کے نام سامنے آئے ہیں۔

انہوں نے الزام لگایا کہ غیر قانونی گولڈ مائننگ سے حاصل ہونے والی رقم کا 80 سے 85 فیصد حصہ افغانستان منتقل ہو رہا تھا اور یہ رقم مبینہ طور پر دہشت گردی میں استعمال ہو رہی تھی۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا پولیس میں اہم تبادلے اور تقرریاں

انہوں نے بتایا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف چار مرحلوں پر مشتمل آپریشن کیا، جس کے دوران ہزاروں مزدور اور 800 سے 900 ایکسکیویٹرز اور ہیوی مشینری موجود پائی گئی۔ مشیر گورنر کا کہنا تھا کہ اتنے بڑے پیمانے پر غیر قانونی سرگرمیاں ضلعی انتظامیہ اور مقامی پولیس کے علم کے بغیر ممکن نہیں تھیں۔

کوہاٹ واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے ثمر ہارون بلور نے کہا کہ 11 نومبر کو کوہاٹ پولیس نے غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف آپریشن کیا تھا، تاہم واپسی پر پولیس قافلے پر تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے حملہ کیا جس کی ذمہ داری تنظیم نے قبول کی تھی، اور اس واقعے میں ڈی ایس پی سمیت دس پولیس اہلکار شہید ہوئے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کی سابق صوبائی حکومت اور ٹی ٹی پی کے درمیان مبینہ روابط تھے، اور پولیس قافلے پر حملے و غیر قانونی گولڈ مائننگ کے معاملے میں کئی سوالات جنم لیتے ہیں۔ ان کے مطابق غیر قانونی گولڈ مائننگ میں استعمال ہونے والے چار مقامات تاحال کلیئر کیے جا چکے ہیں اور یہ کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔

یہ بھی پڑھیں : پختونخوا میں سونے کی غیرقانونی کان کنی، سیاسی شخصیات، افسران اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کی تحقیقات کا حکم، انکوائری کمیشن تشکیل

مشیر گورنر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سابق حکومت نے امن و امان کی صورتحال پر کوئی توجہ نہیں دی اور معدنی وسائل کی غیر قانونی تجارت کے ذریعے عوام کو ان کے حق سے محروم رکھا۔

انہوں نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا کے وسائل اور معدنیات پر پہلا حق اس صوبے کے عوام کا ہے اور سونا، پانی و دیگر قدرتی وسائل سے حاصل ہونے والی آمدن اسی علاقے اور صوبے کے عوام پر خرچ کی جائے گی۔

صحافی برادری سے گفتگو کرتے ہوئے ثمر ہارون بلور نے کہا کہ انہیں صحافیوں اور پریس کلب کو درپیش مسائل کا پورا ادراک ہے، جنہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

Scroll to Top