فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے مصر کے صدر عبد الفتاح السیسی سے قاہرہ میں ملاقات کی ہے ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا اور پاکستان اور مصر کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو اجاگر کیا۔
فیلڈ مارشل نے مصر کی قیادت کی خطے میں امن اور استحکام میں کلیدی کردار کی تعریف کی جبکہ صدر السیسی نے عالمی اور مسلم اُمہ کے اہم امور میں پاکستان کی مثبت اور فعال شراکت کی تعریف کی۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی اسٹریٹجک دلچسپی کے امور پر تعاون بڑھانے اور عوامی رابطوں کو مستحکم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
ملاقات میں اس بات کا بھی اعتراف کیا گیا کہ پاکستان اور مصر کے درمیان دوستانہ تعلقات کی ایک مشترکہ تاریخ ہے اور دونوں ممالک تمام شعبوں بالخصوص معاشی و سماجی روابط، ٹیکنالوجی اور سیکیورٹی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے خواہاں ہیں۔
ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں دونوں فریقین نے اس اعتماد کا اظہار کیاکہ معاشی و سلامتی سے متعلق مضبوط مکالمہ پاکستان، مصر اور وسیع تر خطے میں امن و استحکام کو مزید تقویت دے گا۔
یہ بھی پڑھیں : فیلڈ مارشل سیدعاصم منیرکا دورہ مصر،مصری وزیردفاع اور چیف آف آرمی سٹاف سے ملاقاتیں





