ملک بھر کے 188 سرکاری اور نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں داخلے کے لیے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ آج منعقد ہو رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سکیورٹی کے پیش نظر امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے تاکہ پرامن اور محفوظ ماحول میں امتحان ہو سکے۔اس سال 1 لاکھ 40 ہزار امیدواروں نے ایم ڈی کیٹ میں شرکت کے لیے فیس جمع کروائی ہے۔ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے ٹیسٹ کی فیس 9 ہزار روپے مقرر کی ہے۔
پی ایم ڈی سی نے امیدواروں سے حاصل ہونے والی کل ایک ارب 26 کروڑ روپے کی رقم میں سے 21 کروڑ روپے اپنے انتظامی اخراجات کے لیے مختص کیے ہیں جبکہ باقی ایک ارب 5 کروڑ روپے وفاقی دارالحکومت سمیت چاروں صوبوں کی میڈیکل یونیورسٹیوں کو دیے جائیں گے۔
پی ایم ڈی سی کی پالیسی کے مطابق ہر امیدوار کے لیے 1500 روپے اخراجات کے لیے رکھے جائیں گے جبکہ 7500 روپے ہر طالبعلم کے لیے یونیورسٹیوں کو منتقل کیے جائیں گے۔
ملک میں مجموعی طور پر 121 نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجز ہیں، جن میں 77 میڈیکل اور 44 ڈینٹل کالجز شامل ہیں۔ سرکاری کالجز کی تعداد 67 ہے، جن میں 49 میڈیکل اور 18 ڈینٹل کالجز کام کر رہے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 46، سندھ میں 17، خیبرپختونخوا میں 11، آزاد کشمیر اور بلوچستان میں ایک، ایک نجی میڈیکل کالج موجود ہے۔ نجی ڈینٹل کالجز کی تعداد خیبرپختونخوا میں 6، پنجاب میں 25 اور سندھ میں 12 ہے۔





