سولر صارفین خبردار! اب نہیں ملے گی وہی کمائی، نیٹ میٹرنگ ریٹ میں بڑی تبدیلی

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سردیوں کے موسم میں دن کے اوقات میں بجلی کی طلب میں کمی اور دن کی دھوپ سے اضافی بجلی پیدا ہونے کے باعث نیٹ میٹرنگ کی قیمت میں کمی پر غور شروع کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت نیٹ میٹرنگ کی قیمت 22 روپے فی یونٹ سے کم کر کے 11 روپے 30 پیسے تک لانے پر غور کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے اس حوالے سے متعلقہ حکام کو قیمتوں کا تفصیلی جائزہ لینے اور نظرثانی کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

سرکاری اعدادوشمار کے مطابق چھتوں پر نصب سولر سسٹمزکی تیزی سے بڑھتی ہوئی تعداد نے گرڈ کے ذریعے بجلی کی فروخت میں نمایاں کمی پیدا کی ہے۔

گزشتہ مالی سال میں گرڈ سے بجلی کی فروخت 3.2 ارب یونٹ کم ہوئی، جس کے نتیجے میں ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے منافع میں 101 ارب روپے کی کمی واقع ہوئی۔

ذرائع کے مطابق پاور ڈویژن کی رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو مالی سال 2034 تک سولر نیٹ میٹرنگ کے باعث 18.8 ارب یونٹ کی کمی ہو سکتی ہے، جس کا مالی اثر 545 ارب روپے تک جا پہنچے گا۔

یہ بھی پڑھیں : چین کا تاریخی خلائی مشن شین ژو 21 لانچ، کم عمر خلاباز نے نئی تاریخ رقم کر دی

اس کمی کے نتیجے میں عام صارفین پر 5 سے 6 روپے فی یونٹ تک اضافی بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق معاملہ اب ایک اہم پالیسی ایشو بن چکا ہے، جس پر وزیراعظم نے براہِ راست مداخلت کرتے ہوئے تمام فریقین سے مشاورت کی ہدایت کی ہے۔

Scroll to Top