پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ پارٹی کے اندر حتمی فیصلہ ہمیشہ عمران خان ہی کرتے ہیں اور جو لوگ پی ٹی آئی چھوڑ چکے ہیں، ان کا اب جماعت سے کوئی تعلق نہیں رہا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ پارٹی چھوڑنے والوں نے گزشتہ ڈیڑھ سال میں کئی بار خود کو اہم ثابت کرنے کی کوشش کی، یہاں تک کہ اڈیالہ جیل کے باہر بھی سیاسی بیانیہ بیچنے کی کوشش کی گئی، مگر انہیں کوئی پذیرائی نہیں ملی۔
شاہ محمود قریشی سے پی ٹی آئی چھوڑنے والے رہنماؤں کی حالیہ ملاقات سے متعلق سوال پر شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ جب ان لوگوں کو عمران خان نے خاطر میں نہیں لایا اور سہیل آفریدی کے وزیرِ اعلیٰ بننے کے بعد بات نہ بنی تو یہ لوگ اب کوٹ لکھپت کا رُخ کر چکے ہیں، جہاں وہ شاہ محمود قریشی سے مل رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی چھوڑنے والے اب مکمل طور پر غیر متعلقہ ہیں، وہ اپنی سیاسی دکان چمکاتے رہیں، پی ٹی آئی پر ان کا کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ پارٹی سے جڑے تمام فیصلے اور مشاورت براہِ راست عمران خان تک پہنچتی ہے، چاہے وہ شاہ محمود قریشی ہوں، یاسمین راشد یا اعجاز چوہدری سب کا مؤقف عمران خان تک جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شاہ محمود قریشی ہمیشہ مصالحت اور مذاکرات کے حامی رہے ہیں اور ان کے پیغامات بھی عمران خان تک پہنچتے ہیں، پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت بھی ان سے ملاقاتیں کرتی رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا حکومت نے صوبائی کابینہ کے اراکین کے محکموں کا اعلان کر دیا
انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی میں وہی فیصلہ نافذ ہوگا جو عمران خان کریں گے، کیونکہ ان کی بات ہی پارٹی کا حتمی مؤقف تصور ہوتی ہے۔





