ہنگو میں پولیس قافلے پر آئی ای ڈی حملہ، ایک اہلکار زخمی

ہنگو کے علاقے دوآبہ میں پولیس قافلے پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا، پولیس پارٹی کربوغہ روڈ پر امن کمیٹی کے اجلاس سے واپس آ رہی تھی کہ اچانک ایک دھماکا ہوا جس کے فوراً بعد فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق قافلے کو آئی ای ڈی دھماکے سے نشانہ بنایا گیا۔ قافلے میں ایس پی انویسٹی گیشن عبدالصمد خان، ڈی ایس پی ٹل مجاہد، اور ایس ایچ او عمران شامل تھے۔ واقعے میں ایس ایچ او عمران الدین اور ایک اہلکار معمولی زخمی ہوئے۔

حملے کے بعد پولیس اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کا سلسلہ کچھ دیر تک جاری رہا اور علاقے میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا گیا۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل افریدی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔ انہوں نے زخمی ایس ایچ او اور اے ایس آئی کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر اعلیٰ نے پولیس اہلکاروں کے حوصلے اور فرض شناسی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں سیکیورٹی مزید سخت کی جائے گی اور مشتبہ عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے واضح کیا کہ بزدلانہ کارروائیوں میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور، تھانہ سی ٹی ڈی دھماکے میں شہید پولیس اہلکار کی نماز جنازہ ادا، پورے اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

واضح رہے پشاور کے یونیورسٹی روڈ پر واقع کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) تھانے میں دھماکے کے نتیجے میں ایک اہلکار جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔

پولیس لائنز پشاور میں تھانہ سی ٹی ڈی دھماکے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار کی نماز جنازہ ادا کی گئی اور انہیں پورے اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے واقعے کی وجوہات معلوم کرنے اور حفاظتی اقدامات مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے سیکیورٹی اور سیفٹی پروٹوکول پر سختی سے عمل کیا جائے۔

Scroll to Top