اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے سیکیورٹی فورسز سے متعلق متنازع اور اشتعال انگیز بیان کی سخت مذمت کی ہے۔
ایک بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کے بہادر سپوتوں کے بارے میں بے بنیاد اور من گھڑت الزامات کسی صورت برداشت نہیں کیے جا سکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ جو جوان وطن کے امن اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں، ان کے بارے میں ایسا غیر ذمہ دارانہ بیان کوئی محبِ وطن شخص نہیں دے سکتا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ایسے ریمارکس دے کر دراصل دشمن قوتوں کو خوش کرنے کی کوشش کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی لازوال قربانیوں کو پوری قوم اور دنیا تسلیم کرتی ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ اسی صوبے کے وزیراعلیٰ نے ایسے کلمات ادا کیے جہاں سب سے زیادہ سیکیورٹی اہلکاروں نے وطن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ بیانات نہ صرف احسان فراموشی ہیں بلکہ قومی یکجہتی کے لیے بھی نقصان دہ ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اپنے بیان پر قوم اور شہداء کے لواحقین سے فوری معافی مانگیں۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے حالیہ بیان پر اختیار ولی خان کا سخت ردعمل
وزیراعظم کے کوآرڈینیٹراختیار ولی خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے حالیہ بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سہیل آفریدی کا پاک فوج سے متعلق بیان حد درجہ افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔
اختیار ولی خان نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ عمران خان اور تحریک انصاف کی جانب سے پاک فوج کے خلاف پہلے بھی کئی بیانات دیے گئے، مگر سہیل آفریدی کا موجودہ بیان اُن تمام سے زیادہ غلیظ اور نازیبا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ اُس پاک فوج پر الزامات لگا رہے ہیں جسے حرمین شریفین کی حفاظت کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ یہ وہی فوج ہے جس نے ماضی میں حرمین شریفین کی خدمت کی اور دشمنوں کے حملے ناکام بنائے۔ آپ اُن شہداء کی توہین کر رہے ہیں جو اس وطن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں۔





