خیبر پختونخوا میں امن جرگہ، حکومت اور اپوزیشن کا دہشت گردی کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل پر اتفاق

پشاور: خیبر پختونخواہ کی تمام سیاسی جماعتوں نے مشترکہ امن جرگہ کامیابی کے ساتھ مکمل کیا۔

ذرائع کے مطابق جرگے میں حکومت اور تمام اپوزیشن جماعتوں نے دہشت گردی کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل پر اتفاق کیا۔

جرگے میں دہشت گردوں کی بھرپور مذمت کی گئی اور اس بات پر زور دیا گیا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قانون کے دائرے میں موجود تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔

ذرائع کے مطابق سیکیورٹی کے امور میں سیاست سے بالاتر حکمت عملی اختیار کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے جرگے کی تجاویز پر حکومت من و عن عمل کرے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے سیاسی جماعتیں اور حکومت سب مل کر کام کریں گے۔

مزید برآں جرگے میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ خیبر پختونخواہ کے مسائل کے حل کے لیے موجودہ وفاقی حکومت میں شامل سیاسی رہنما صوبائی حکومت کا بھرپور ساتھ دیں گے تاکہ عوام کو بروقت اور مؤثر حل فراہم کیا جا سکے۔

جرگے کے شرکاء نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام سیاسی جماعتیں دہشت گردی اور امن و امان کے مسائل کے حوالے سے متحد رہیں گی اور صوبے کے عوام کے مفاد میں اقدامات کریں گی۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا امن جرگہ کا15نکاتی اعلامیہ جاری

یاد رہے کہ آج پشاور میں سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کی زیر صدارت خیبرپختونخوا اسمبلی امن جرگہ کا 15نکاتی اعلامیہ جاری کیاگیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے صوبائی اسمبلی کو اعتماد میں لے کر قانون کے دائرے میں موجود تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ امن و امان کے حوالے سے اسمبلی کی متفقہ قراردادوں پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

اعلامیے میں پولیس اور سی ٹی ڈی کی داخلی سلامتی کی قیادت کرنے پر زور دیا گیا اور کہا گیا کہ پولیس ضرورت کے مطابق آئینی دائرہ کار میں رہ کر دیگر اداروں سے معاونت طلب کر سکتی ہے۔ حکومت صوبے میں امن و امان کی مخدوش صورتحال میں پولیس اور سی ٹی ڈی کو خصوصی مالی معاونت فراہم کرے گی۔

جرگہ نے بھتہ خوری اور غیر قانونی محصولات کے خاتمے کے لیے مربوط پالیسی بنانے، شورش زدہ علاقوں میں معدنیات کی غیر قانونی نکاسی روکنے اور صوبے میں جاری سیکورٹی اداروں کی کارروائیوں اور قانونی بنیادوں کے بارے میں مقررہ مدت میں ان کیمرہ بریفنگ دینے کی بھی سفارش کی۔

Scroll to Top