امن کی بحالی ترجیح، خیبر پختونخوا پولیس کی بہادری پر قوم کو فخر ہے، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی

امن کی بحالی ترجیح، خیبر پختونخوا پولیس کی بہادری پر قوم کو فخر ہے، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ امن کی بحالی اولین ترجیح، خیبرپختونخوا پولیس کی بہادری پر قوم فخر محسوس کرتی ہے

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت پولیس فورس اور سول افسران کا مشترکہ دربار منعقد ہوا، جس میں موجودہ غیر معمولی حالات اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بات کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ خیبرپختونخوا چار دہائیوں سے دہشت گردی اور غیر قانونی سرگرمیوں کی زد میں رہا ہے، لیکن پولیس نے کم وسائل کے باوجود گزشتہ 21 سالوں میں بہادری کے ساتھ مقابلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں پر پوری قوم فخر کرتی ہے اور جس جوانمردی کے ساتھ اہلکار اپنا فرض ادا کر رہے ہیں وہ قابلِ تحسین ہے

سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبے میں امن بحال کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اللہ کی رضا اور عوام کے مفاد کے لیے لڑیں گے تو جیت یقینی ہوگی۔ انہوں نے پولیس کے لیے بلٹ پروف گاڑیاں، جدید اسلحہ اور اینٹی ڈرون سسٹم فراہم کرنے کے اعلان کے ساتھ کہا کہ پولیس کو جدید ترین ٹیکنالوجی ہنگامی بنیادوں پر مہیا کی جا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ وسائل کی کمی سیکیورٹی کے راستے میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے، اور شہید سول سرونٹس کے اہل خانہ کے لیے خصوصی پالیسی تیار کی جائے گی۔ انہوں نے افسران کے معاملات میں کسی قسم کی سیاسی مداخلت کی مخالفت کی اور کہا کہ کارکردگی پر مبنی پالیسی نافذ کی جائے گی، جبکہ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس رکھا جائے گا۔

دربار میں چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹریز، صوبائی محکموں کے انتظامی سیکرٹریز، ڈویژنل و ڈسٹرکٹ انتظامیہ کے افسران اور پولیس اہلکار بھی شریک ہوئے۔ شہداء کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ عوام کے لیے اوپن ڈور پالیسی اپنائی گئی ہے اور عوامی مفاد کے لیے ہر فیصلہ شفاف طریقے سے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایمان، حوصلے اور عزم کے ساتھ کام کرنے سے خیبرپختونخوا میں امن و امان کو یقینی بنایا جائے گا۔

 

Scroll to Top