وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حالیہ اقدامات ملک کے خلاف ہیں اور یہ سیاسی جماعت کے زمرے میں نہیں آتی۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے بانی پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہر ادارے کو متنازع بنانے کی کوشش کی، جس سے سیاسی اور سماجی ماحول پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
وزیر مملکت نے کہا’’20 سے 25 سال پہلے کئی لوگوں نے پہلے ہی یہ کہہ دیا تھا کہ یہ ایک پلانٹڈ شخصیت ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے حالیہ بیانات کے بارے میں حکومت ضرور غور کرے گی۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم نے بھی اپنے بانی سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا، اور دہشت گردوں نے پی ٹی آئی کو چھوڑ کر دیگر جماعتوں پر حملہ کیا۔ طلال چوہدری نے اس بات کا عندیہ دیا کہ کالعدم ٹی ٹی پی اور پی ٹی آئی کے درمیان تعلقات پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ حکومت ملک دشمن عناصر کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کرے گی اور سیاسی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے قانون کی بالادستی برقرار رکھی جائے گی۔





