ڈرائیور کی طبیعت خراب، بی آر ٹی بس حادثے کا شکار

ڈرائیور کی طبیعت خراب ہونے پرپشاور بس رپیڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) ٹریک سے اتر کر جنگلے سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ڈرائیور اور خواتین سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔

ترجمان ریسکیو کے مطابق پشاور میں بی آر ٹی بس کو اسلامیہ کالج پشاور کے پاس حادثہ پیش آیا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ ڈرائیور نے گاڑی کو بی آر ٹی جنگلے کے ساتھ ٹکرا دیاتاہم تمام مسافر محفوظ رہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا پولیس کو جدید سازو سامان فراہم ،ڈرون بھی شامل

خیبر ٹیچنگ اسپتال کے ترجمان نے بتایا کہ حادثے میں زخمی ہونے والی 3 خواتین اور ڈرائیور کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد دی گئی۔

ترجمان نے بتایا کہ ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ کے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل اسٹاف نے زخمیوں کو بروقت ابتدائی طبی امداد فراہم کی، تاہم تمام زخمی معمولی نوعیت کے تھے۔

دوسری جانب ترجمان ٹرانس پشاور کے مطابق بس میں موجود تمام مسافر اور ڈرائیور مکمل طور پر محفوظ ہیں، ڈرائیور دورانِ ڈرائیونگ طبیعت خراب ہونے کے باعث بس پہ قابو نہ رکھ سکا جس کے نتیجے میں بس حفاظتی جنگلے سے ٹکرا گئی۔

Scroll to Top