پاکستان سمیت عالمی رہنماؤں کی سڈنی حملے کی شدید مذمت، متاثرین سے ہمدردی کا اظہار

پاکستان سمیت دنیا کے متعدد ممالک کے رہنماؤں نے اتوار کو آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے مشہور ساحل بونڈائی بیچ پر ہونے والے ہلاکت خیز فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کی، جس میں 12 افراد جان سے گئے اور متعدد زخمی ہوئے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے واقعے پر گہرا افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہم آسٹریلیا کی حکومت اور عوام کے ساتھ اس مشکل وقت میں کھڑے ہیں، پاکستان ہر طرح کی دہشت گردی کی سختی سے مذمت کرتا ہے۔

برطانیہ کے وزیرِ اعظم کیئر سٹارمر نے اپنے ردعمل میں کہا کہ آسٹریلیا سے انتہائی تکلیف دہ خبر ہے، برطانیہ بونڈائی بیچ پر حملے سے متاثر ہر فرد کے لیے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترس اور امریکی محکمہ خارجہ نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے مرنے والوں کے ورثا سے ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ آسٹریلیا میں یہ سفاکانہ اور مہلک حملہ خوف و ہراس پیدا کرنے والا ہے۔

نیوزی لینڈ کے وزیرِ اعظم کرسٹوفر لکسن نے کہا کہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ دوستوں سے زیادہ قریب ہیں ہم ایک خاندان ہیں۔

بونڈائی کے پریشان کن مناظر نے ہمیں چونکا دیا میری اور نیوزی لینڈ کے تمام لوگوں کی ہمدردیاں متاثرین کے ساتھ ہیں۔

اسرائیل کے وزیرِ خارجہ جدعون سار نے کہا کہ یہ حملہ دہشت زدہ کرنے والا ہے اور گذشتہ دو سالوں میں آسٹریلیا میں یہود مخالف ہنگامہ آرائی کے نتائج سامنے آئے ہیں۔

یورپی کمیشن کی صدر ارزولا فان ڈئر لاین نے بھی صدمہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہم متاثرین کے اہل خانہ اور عزیزوں کے ساتھ دلی تعزیت کرتے ہیں اور تشدد، یہود دشمنی اور نفرت کے خلاف متحد ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اقوام متحدہ کے سربراہ نے اسلام آباد خودکش حملے کی مذمت، متاثرین کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت

آسٹریلیا کے وزیرِ اعظم انتھونی البانی نے کہا کہ بونڈائی کے مناظر چونکا دینے والے اور تکلیف دہ ہیں، پولیس اور ہنگامی امدادی کارکنان جانیں بچانے کے لیے سرگرم ہیں۔ میری ہمدردیاں ہر متاثرہ شخص کے ساتھ ہیں۔

اپوزیشن لیڈر سوسن لی نے کہا کہ آسٹریلوی باشندے آج رات گہرے سوگ میں ہیں، نفرت انگیز تشدد نے بونڈائی کی برادری پر حملہ کیا جسے ہم سب بخوبی جانتے اور پیار کرتے ہیں۔

Scroll to Top