خبردار: سفر سے گریز کریں، موٹروے ایم ون ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند

پشاور: موٹروے ایم ون صوابی انٹرچینج (کلومیٹر 420) سے لے کر پشاور مین ٹول پلازہ (کلومیٹر 498) تک شدید دھند کی وجہ سے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔

ترجمان موٹر وے پولیس سید عمران احمد نے بتایا کہ اس بندش کا مقصد عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ فی الحال پشاور یا صوابی جانے والے افراد غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

سید عمران احمد کے مطابق موٹروے کے دیگر حصے بھی دھند کی لپیٹ میں ہیں، جن میں لاہور سے اسلام آباد ایم 2، فیض پور سے رجانہ ایم 3، اور گوجرہ سے ملتان ایم 4 شامل ہیں۔ موٹر وے ایم 5 ملتان سے ظاہر پیر تک بھی دھند کے باعث بند ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ موٹروے ایم فائیو بھی ملتان سے ظاہر پیر تک دھند کے باعث بند کر دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موٹرویز کی بندش کا بنیادی مقصد شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔قومی شاہراہوں پر بھی صورتحال تشویشناک ہے۔

ترجمان کے مطابق مانگا منڈی، پتوکی، اوکاڑہ اور ساہیوال کے علاقوں میں شدید دھند چھائی ہوئی ہے جبکہ کسووال، اقبال نگر، چیچہ وطنی اور میاں چنوں بھی دھند کی لپیٹ میں ہیں۔

اس کے علاوہ خانیوال، ملتان، بستی ملوک، لودھراں اور بہاولپور میں بھی شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہے، جبکہ احمد پور شرقیہ، رحیم یار خان اور صادق آباد میں بھی دھند کا راج برقرار ہے۔

احتیاطی تدابیر:

غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اگر راستہ اختیار کرنا ضروری ہو تو کم رفتار سے گاڑی چلائیں۔
ہیڈ لائٹس آن رکھیں اور ہائی بیم کا استعمال محدود کریں۔
گاڑی کے درمیان مناسب فاصلہ رکھیں تاکہ اچانک بریکنگ سے بچا جا سکے۔
موبائل فون کے ذریعے روڈ کی صورتحال سے اپڈیٹ رہیں اور موٹر وے پولیس کی ہدایات پر عمل کریں۔

یہ بھی پڑھیں : سانحہ آرمی پبلک سکول: یادوں میں بستے ننھے مسکراتے چہرے، آج بھی آنکھیں نم کر دیتے ہیں

موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ دھند کے خاتمے تک یہ بندش جاری رہے گی اور عوام کو محفوظ سفر کے لیے ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت ہے۔

Scroll to Top