شہید فورسز کے اہل خانہ کو سہارا! وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے مالی امداد بڑھانے کا اعلان کر دیا

شہید فورسز کے اہل خانہ کو سہارا! وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے مالی امداد بڑھانے کا اعلان کر دیا

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا اعلان، مئی 2025 کے بھارتی حملے میں شہید ہونے والے فورسز کے ورثاء کو اضافی مالی امداد

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے مئی 2025 کے بھارتی بزدلانہ حملے میں شہید ہونے والے فورسز اہلکاروں کے ورثاء کے لیے مالی امداد میں اضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر شہداء کے ورثاء سے ملاقات کی اور یقین دلایا کہ خیبر پختونخوا حکومت ہر قدم پر ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے اعلان کیا کہ کابینہ سے منظور شدہ 50 لاکھ روپے کی امداد میں مزید 50 لاکھ روپے کا اضافہ کیا جائے گا، جبکہ جنگ میں زخمی ہونے والے خیبر پختونخوا کے اہلکاروں کے لیے امدادی رقم 10 لاکھ سے بڑھا کر 25 لاکھ روپے کر دی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کی لازوال قربانیاں ملک و قوم کی سلامتی کی ضمانت ہیں اور حق کی راہ میں شہید ہونے والے کبھی نہیں مرتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہادت ہر مسلمان کے لیے سب سے اعلیٰ اور مثالی موت ہے اور شہداء ہمارے فخر ہیں۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت شہداء کے ورثاء کا بھرپور خیال رکھے گی اور ان کی مالی اور سماجی مدد کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

اس ملاقات کے دوران ورثاء نے بھی وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس اقدام سے انہیں اپنی قربانیوں کی قدر محسوس ہوئی ہے، جبکہ حکومت کی حمایت سے اہل خانہ کو سکون اور اعتماد حاصل ہوا ہے۔

Scroll to Top