کرک،طلباء کا پی ٹی آئی ایم این اے شاہد خٹک کے گھر کے باہر احتجاج

کرک،طلباء کا پی ٹی آئی ایم این اے شاہد خٹک کے گھر کے باہر احتجاج

گورنمنٹ ڈگری کالج تخت نصرتی ضلع کرک کے پرنسپل امداد اللہ کی ضلع بدری کے خلاف کالج کے طلباء نےپاکستان تحریک انصاف کے ممبر قومی اسمبلی شاہد خٹک کے حجرے کے سامنے شدید احتجاج ریکارڈ کیا۔

مظاہرین طلباء کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعلیٰ کے سیکیورٹی اہلکار عارف خٹک نے ذاتی رنجش کی بنیاد پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے پرنسپل کی تبادلہ کارروائی کروائی۔

طلباء کے مطابق عارف خٹک نے پرنسپل پر اپنے ذاتی مفادات کے لیے دباؤ ڈالا تاہم انکار کرنے پر انہیں انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا گیا اور ضلع بدر کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد ہائی کورٹ نے افغان شہری کی ملک بدری عارضی طور پر روک دی

طلباء نے اس اقدام کو کھلی ناانصافی، اختیارات کے غلط استعمال اور تعلیمی اداروں میں سیاسی مداخلت کی بدترین مثال قرار دیا۔

احتجاج کرنے والے طلباء کا کہنا تھا کہ اگر پرنسپل امداد اللہ کے خلاف کیا گیا یہ ظالمانہ فیصلہ فوری طور پر واپس نہ لیا گیا تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا جس کی تمام تر ذمہ داری صوبائی حکومت اور متعلقہ سیاسی قیادت پر عائد ہو گی۔

طلباء نے واضح کیا کہ وہ اپنے پرنسپل کے ساتھ ہونے والی اس ناانصافی پر خاموش نہیں رہیں گے اور ہر فورم پر اس معاملے کو اٹھائیں گے۔

Scroll to Top