اسلام آباد: موٹروے پولیس کے مطابق شدید دُھند کے باعث ایم-1 موٹروے پشاور سے برہان انٹرچینج تک ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔
اسی طرح ایم-3 موٹروے فیض پور سے جڑانوالہ انٹرچینج تک بند ہے جبکہ ایم-4 موٹروے شیر شاہ سے خانیوال تک ٹریفک کے لیے معطل کر دی گئی ہے۔
موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ ایم-5 موٹروے روہڑی سے ملتان تک بند ہے جبکہ شدید دھند کے پیش نظر ایم-11 موٹروے لاہور مین ٹول پلازہ سے سمبڑیال تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔
دُھند کے باعث بند ہونے والی موٹرویز کی صورتحال:
ایم-1: پشاور سے برہان انٹرچینج تک بند ہے۔
ایم-3: فیض پور سے جڑانوالہ انٹرچینج تک بند ہے۔
ایم-4: شیر شاہ سے خانیوال تک بند ہے۔
ایم-5: روہڑی سے ملتان تک بند ہے۔
ایم-11: لاہور مین ٹول پلازہ سے سمبڑیال تک بند ہے۔— National Highways & Motorway Police (NHMP) (@NHMPofficial) December 18, 2025
مختلف حصوں میں شدید دُھند کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہونے پر موٹروے پولیس نے حفاظتی اقدامات کے تحت کئی اہم موٹرویز کو عارضی طور پر بند کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار حادثے سے بچا جا سکے۔
موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ شدید دُھند کے باعث بعض مقامات پر حدِ نگاہ چند میٹر تک محدود ہو چکی ہے، جس کی وجہ سے تیز رفتار ٹریفک انتہائی خطرناک ہو سکتی ہے۔
موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اگر سفر ناگزیر ہو تو دن کے اوقات میں روانہ ہوں۔
گاڑیوں کی رفتار کم رکھیں، فوگ لائٹس کا درست استعمال کریں، لین کی پابندی کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں۔
یہ بھی پڑھیں : بانی پی ٹی آئی سیاسی مفاہمت کے لیے تیار نہیں، مقصد فتنہ و انارکی ہے، رانا ثناء اللہ
مزید کہا گیا ہے کہ دُھند کے دوران ہیزرڈ لائٹس کے بجائے فوگ لائٹس کا استعمال کیا جائے، کیونکہ ہیزرڈ لائٹس حادثات کا سبب بن سکتی ہیں۔
ڈرائیورز کو تاکید کی گئی ہے کہ اوورٹیکنگ سے اجتناب کریں اور اچانک بریک لگانے سے پرہیز کریں۔
موٹروے پولیس نے مسافروں کو سفر سے قبل تازہ صورتحال معلوم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ کسی بھی قسم کی معلومات یا مدد کے لیے موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
موٹروے پولیس کے مطابق دُھند کی شدت کم ہوتے ہی موٹرویز کو مرحلہ وار ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔





