راولپنڈی: پاکستان نے سری لنکا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوگیا تھا، جبکہ ابتدائی شیڈول کے مطابق دوسرا ٹیسٹ لاہور میں کھیلا جانا تھا، تاہم اسموگ کے باعث میچ راولپنڈی منتقل کردیا گیا۔
ٹاس کے بعد قومی کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ٹیم 4 فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اتر رہی ہے اور سری لنکا کو کم اسکور پر آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔
بابر اعظم کے مطابق قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، عرفات منہاس کی جگہ عامر جمال کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پچ کی صورتحال کے پیش نظر ٹیم کو ایک اضافی فاسٹ بولر کی ضرورت تھی۔
یہ بھی پڑھیں : وفاقی بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلے، میجر جنرل عابد مظہر سمیت متعدد افسران کی نئی ذمہ داریاں
دوسری جانب سری لنکن ٹیم میں بھی ایک تبدیلی کی گئی ہے۔ کپتان کوشل مینڈس نے بتایا کہ پرباتھ جے سوریا کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ادھر ٹیسٹ میچ کے موقع پر راولپنڈی میں سکیورٹی اور ٹریفک کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا کی ہدایات پر شہر بھر میں سکیورٹی پلان پر عمل درآمد جاری ہے۔سی پی او کے مطابق راولپنڈی پولیس کے تقریباً 6 ہزار افسران سکیورٹی اور ٹریفک کے فرائض انجام دے رہے ہیں، جن کی نگرانی اور بریفنگ کے لیے سینئر افسران فیلڈ میں موجود ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اسٹیڈیم اور اطراف کی عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ سیف سٹی اور دیگر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔
سکیورٹی مانیٹرنگ کے لیے خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے، جبکہ تھانوں کی موبائل ٹیمیں، ایلیٹ فورس اور ڈولفن اسکواڈ اسٹیڈیم کے اطراف گشت کررہے ہیں۔





