این ایف سی فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث ترقیاتی کام متاثر ہو رہے ہیں، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ مالی سال 2025-26 کے این ایف سی فنڈز تاحال جاری نہیں کیے گئے جس کے باعث ترقیاتی کام متاثر ہو رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے صوبائی کابینہ سے خطاب میں کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے فنڈز کی عدم فراہمی سے خصوصاً قبائلی اضلاع میں ترقیاتی منصوبے متاثر ہو رہے ہیں تاہم صوبائی حکومت محدود وسائل کے باوجود عوام کو ریلیف دینے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔

وزیراعلیٰ نے وفاق اور پنجاب حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی قیادت کے ساتھ غیر انسانی اور غیر جمہوری سلوک جاری ہے جبکہ منگل کے روز واٹر کینن میں زہریلے کیمیکل کے استعمال سے کارکنان اور قیادت کی طبیعت خراب ہوئی جو جمہوری روایات کے منافی ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ وفاق اور پنجاب حکومت سیاسی انتقام کے بجائے معیشت پر توجہ دیں کیونکہ جی ڈی پی گروتھ، زرعی پیداوار اور صنعتی ترقی کے اشارے دن بہ دن نیچے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت عوامی فلاح کے بجائے صرف عمران خان اور پی ٹی آئی کو نشانہ بنا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کابینہ اراکین کو ہدایت کی کہ وہ ہر 15 دن میں اپنے تفویض کردہ اضلاع کے فیلڈ وزٹس یقینی بنائیں تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو اور موثر چیک اینڈ بیلنس قائم ہو۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی حکومت نے 11 ویں این ایف سی ایوارڈ کی تیاری میں 8 ورکنگ گروپس قائم کر دیے

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کے گڈ گورننس روڈ میپ پر آئندہ کابینہ اجلاس میں تفصیلی بریفنگ لی جائے گی اور کابینہ کو بتایا جائے گا کہ حکومت کہاں کھڑی ہے اور آگے کا لائحہ عمل کیا ہوگا۔

Scroll to Top