خیبرپختونخوا حکومت وفاق سے تعاون کرے تو گورنر راج نہیں لگے گا، فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں گورنر راج کا نفاذ صوبائی حکومت کے طرزِ عمل پر منحصر ہے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر خیبرپختونخوا حکومت وفاق کے ساتھ تعاون کرے تو گورنر راج کی نوبت نہیں آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں گورننس کے سنگین مسائل ہیں اور گزشتہ تیرہ برسوں میں کرپشن نے نئے ریکارڈ قائم کیے ہیں، صوبائی حکومت کو عوامی مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہیے۔

فیصل کنڈی نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ اڈیالہ جیل کے باہر بیٹھنے کے بجائے صوبے میں بیٹھ کر عوام کے مسائل حل کریں۔

گورنر کے پی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ایک قیدی ہیں اور دھرنوں یا اسلام آباد بند کرنے سے وہ رہا نہیں ہوں گے، انہیں اپنی سزا ہر صورت بھگتنا ہوگی۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں تمام سہولیات میسر ہیں اور ان کے ساتھ وہی سلوک ہونا چاہیے جو دیگر قیدیوں کے ساتھ کیا جاتا ہے کیونکہ وی آئی پی قیدی ہونے کی وجہ سے دیگر قیدیوں کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے۔

گورنر کے پی نے کہا کہ فتح ہمیشہ حق اور سچ کی ہوتی ہے اور بھارت کے ساتھ جنگ جیتنے کے بعد پاکستان کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی ہے، دنیا آج پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ پنجاب سے اپیل کی کہ بانی پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل سے کسی اور جگہ منتقل کیا جائے تاکہ جیل کا نظام متاثر نہ ہو۔

Scroll to Top