بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت آج اڈیالہ جیل میں ہونے کا امکان ہے، جسے کیس کے حوالے سے فیصلہ کن مرحلہ قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کے وکیل سلمان صفدر کو آج ہونے والی سماعت سے متعلق باقاعدہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ 16 اکتوبر کے بعد توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت تین مرتبہ ملتوی ہو چکی ہے، جس کے باعث کیس کے فیصلے میں تاخیر ہو رہی تھی۔
عدالتی ریکارڈ کے مطابق کیس میں استغاثہ اور صفائی کے تمام گواہوں کے بیانات قلمبند کیے جا چکے ہیں، جبکہ ملزمان کے فوجداری ضابطۂ کار کی دفعہ 342 کے تحت بیانات بھی ریکارڈ ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ دونوں جانب سے حتمی دلائل بھی مکمل کیے جا چکے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آج استغاثہ کی جانب سے جواب الجواب داخل کیے جانے کا امکان ہے، جس کے بعد عدالت کیس کا فیصلہ محفوظ کر سکتی ہے۔ قانونی ماہرین کے مطابق اگر آج تمام کارروائی مکمل ہو جاتی ہے تو فیصلہ کسی بھی وقت سنایا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ توشہ خانہ ٹو کیس ملکی سیاست اور قانونی حلقوں میں غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے، اور اس کی سماعت پر سیاسی جماعتوں، میڈیا اور عوام کی نظریں مرکوز ہیں۔ اڈیالہ جیل میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ عدالتی کارروائی کے حوالے سے غیر معمولی دلچسپی پائی جا رہی ہے۔





