شہزاد نوید
سوات: سوات میں غیر قانونی طور پر گاڑیوں کی تیاری، اسمبلنگ اور چیسز نمبرز میں ردوبدل کرنے والے نیٹ ورک کے خلاف بڑا ایکشن لیتے ہوئے 9 گودام سیل کر دیے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر سوات کی ہدایات پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر-II بابوزئی بریخنا حبیب نے اینٹی کار لفٹنگ سیل کی ٹیم کے ہمراہ یہ مشترکہ کارروائی عمل میں لائی۔
کارروائی کے دوران ان گوداموں میں کٹ اینڈ ویلڈ (Cut Weld) طریقے سے تیار کی جانے والی گاڑیوں اور چیسز نمبرز میں ردوبدل شدہ گاڑیوں سے متعلق شواہد اور سرگرمیوں کا سراغ لگایا گیا، جس کے بعد قانون کی خلاف ورزی پر 9 گوداموں کو سیل کر دیا گیا۔
چیسز نمبرز میں ردوبدل اور غیر قانونی اسمبلنگ کے خلاف شکنجہ
انتظامیہ کے مطابق اس کارروائی کا بنیادی مقصد گاڑیوں کی غیر قانونی تیاری، اسمبلنگ اور شناخت میں جعل سازی کا خاتمہ کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پختونخوا میں سونے کی غیرقانونی کان کنی، سیاسی شخصیات، افسران اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کی تحقیقات کا حکم، انکوائری کمیشن تشکیل
غیر قانونی طور پر تیار کی جانے والی اور چیسز نمبرز تبدیل شدہ گاڑیاں نہ صرف قانون اور ٹیکس نظام کے لیے سنگین چیلنج بنتی ہیں بلکہ جرائم پیشہ عناصر اور غیر قانونی کاروباری نیٹ ورکس کے لیے بھی خطرے کی گھنٹی ہوتی ہیں۔
مشترکہ کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم
انتظامی حکام نے واضح کیا ہے کہ گاڑیوں کی شناخت میں جعل سازی، کٹ اینڈ ویلڈ گاڑیوں کے دھندے اور غیر قانونی کاروباری سرگرمیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے، اور اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کے ساتھ مشترکہ کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
مافیاز اور غیر قانونی نیٹ ورکس کے خلاف مزید کارروائیوں کے لیے اینٹی کار لفٹنگ سیل اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں متحرک ہیں۔





