پشاور: خیبرپختونخوا میں سونے کی غیرقانونی کان کنی، مبینہ سرپرستی اور دہشت گردوں کی ممکنہ مالی معاونت کی تحقیقات کے لیے گورنر نے انکوائری کمیشن تشکیل دے دیا ہے، جو 45 دن کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گا۔
محکمہ داخلہ کے اعلامیے کے مطابق انکوائری کمیشن کے سربراہ جسٹس (ر) اسداللہ خان چمکنی ہوں گے۔ کمیشن کے ارکان میں بیرسٹر محمد یاسین رضا (قانونی مشیر و ممبر)، ڈی آئی جی شیر اکبر خان، ایڈیشنل سیکرٹری صحت واصف رحمٰن، انجینئر زیارت خان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندے شامل ہیں۔ اعلامیے کے مطابق کمیشن میں تین وفاقی تحقیقاتی اداروں کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔
متاثرہ اضلاع اور کوہاٹ حملے کے روابط کی تحقیقات
اعلامیے کے مطابق کمیشن کوہاٹ، نوشہرہ اور کرک سمیت دیگر متاثرہ اضلاع میں سونے کی غیرقانونی کان کنی کی انکوائری کرے گا۔
اس کے ساتھ ہی غیرقانونی کان کنی اور 11 نومبر کو کوہاٹ میں پولیس پر ہونے والے حملے کے درمیان ممکنہ روابط کا بھی جائزہ لیا جائے گا، جبکہ پولیس پر حملے کی ممکنہ منصوبہ بندی، مالی معاونت اور سہولت کاری کی تحقیقات بھی کمیشن کے سپرد کی گئی ہیں۔
سیاسی سرپرستی، مافیاز اور دہشت گردی کی فنانسنگ کا کھوج
کمیشن غیرقانونی طور پر سونا نکالنے والے افراد، نیٹ ورکس اور مافیاز کے ساتھ ساتھ اس عمل سے مستفید ہونے والوں اور سہولت کاروں کی نشاندہی کرے گا۔
اعلامیے کے مطابق سیاسی شخصیات، عوامی نمائندوں اور سرکاری افسران کی مبینہ سرپرستی اور سہولت کاری کی تحقیقات بھی ہوں گی، جبکہ غیرقانونی کان کنی کے ذریعے دہشت گردوں کو ہونے والی ممکنہ مالی معاونت کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : سونے کی کان کنی کے تمام لیز معاہدے فوری منسوخ، غیر قانونی مائننگ کا 80 فیصد پیسہ افغانستان منتقل ہو رہا تھا، فیصل کریم کنڈی کا بڑا انکشاف
قومی خزانے کے نقصان، اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ کا تخمینہ
انکوائری کمیشن غیرقانونی طور پر نکالے گئے سونے کی مقدار اور مالیت کا تخمینہ لگائے گا، اور قومی خزانے کو پہنچنے والے نقصان، منی لانڈرنگ اور سونے کی اسمگلنگ کی تحقیقات کرے گا۔
اس کے علاوہ غیرقانونی کان کنی روکنے میں متعلقہ محکموں، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے حکومتی احکامات اور کارروائیوں کے باوجود یہ سلسلہ جاری رہنے کی وجوہات کا تعین کیا جائے گا۔
خفیہ رپورٹس تک رسائی اور کارروائی کے وسیع اختیارات
اعلامیے کے مطابق کمیشن کو وزیراعظم آفس سے موصول ہونے والی خفیہ رپورٹ تک بھی رسائی حاصل ہوگی، جبکہ وہ نیب اور صوبائی کابینہ کی انکوائری کمیٹی کی رپورٹس کا بھی جائزہ لے گا۔ واضح کیا گیا ہے کہ کمیشن کی تحقیقات کسی مخصوص حکومت، محکمے، ادارے یا افراد تک محدود نہیں ہوں گی۔
کمیشن کو کسی بھی شخص یا گواہ کو طلب کرنے، متعلقہ ریکارڈ حاصل کرنے اور پولیس کو کسی بھی معاملے پر تحقیقات کا حکم دینے کا اختیار حاصل ہوگا۔
کمیشن ذمہ داروں کے خلاف فوجداری اور محکمانہ کارروائی سمیت غیرقانونی آمدن کی وصولی کی سفارش کرے گا، جبکہ اعلامیے میں تمام سرکاری محکموں، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو کمیشن سے مکمل تعاون کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔





