گوادر : گوادر کے قریب مکران کوسٹل ہائی وے پر بسول کے مقام پر تربت سے کراچی جانے والی مسافر بس اور گیس باؤزر کے درمیان خوفناک تصادم کے بعد آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں خاتون اور بچے سمیت 10افراد جاں بحق جبکہ 27 زخمی ہو گئے۔
مقامی حکام اور ریسکیو ذرائع کے مطابق تربت سے کراچی جانے والی مسافر کوچ اور گیس باؤزر مکران کوسٹل ہائی وے پر بسول کے قریب آپس میں ٹکرا گئے۔
تصادم اتنا شدید تھا کہ دونوں گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے شعلوں نے بس اور باؤزر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق مسافر بس میں خواتین اور بچوں سمیت بڑی تعداد میں مسافر سوار تھے۔
ابتدائی طور پر خاتون اور بچے سمیت 5 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، تاہم بعد ازاں پولیس حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی گاڑیوں سے مزید 5 لاشیں نکال لی گئیں، جس سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 10 ہو گئی ہے۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں مسافر کوچ کے 8 مسافر جبکہ گیس باؤزر کے 2 سوار شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : سوات میں کٹ اینڈ ویلڈ گاڑیوں کے مافیا پر بڑا کریک ڈاؤن، 9 گودام سیل، چیسز نمبرز میں جعل سازی بے نقاب
ڈی ایس پی اورماڑہ نبی بخش رونجھہ کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کی موت جھلسنے کے باعث واقع ہوئی۔
حکام کے مطابق دونوں گاڑیوں میں سوار افراد کو نکال کر ریسکیو کر لیا گیا ہے، جبکہ واقعے میں زخمی ہونے والے 27 افراد کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ایس پی اسلم بنگلزئی کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر روانہ کی گئیں اور جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں کی گئیں، جبکہ مسافر بس تربت سے کراچی جا رہی تھی۔ حکام کے مطابق آگ بجھانے اور متاثرین کو نکالنے کے بعد زخمیوں کے علاج معالجے کا سلسلہ جاری ہے۔





