رسالپور : سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے کہا ہے کہ عصر حاضر کے پیچیدہ چیلنجز منفرد انداز میں نمٹنے کے متقاضی ہیں، جنگ کے طریقے تبدیل ہو چکے ہیں اور مصنوعی ذہانت (AI) و انفارمیشن ٹیکنالوجی نے روایتی جنگ کی جہتوں کو بدل دیا ہے۔
پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان رسالپور میں کیڈٹس کی گریجویشن پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ تقریب میں شرکت ان کے لیے باعث اعزاز ہے اور انہوں نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں جنگیں لڑنے کے طریقوں میں جدت آ چکی ہے اور مسلح افواج نئے جنگی رجحانات اور تقاضوں سے بخوبی آگاہ اور ان سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔
امیر البحر نے کہا کہ پاک بحریہ نے بھی جدید ٹیکنالوجی اور جدت کے میدان میں نمایاں پیشرفت کی ہے اور اسے مستقبل کی جنگوں کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معرکہ حق میں پاک بحریہ نے دشمن کو جارحیت سے باز رکھا۔
یہ بھی پڑھیں : تربت سے کراچی جانے والی کوچ اور گیس باؤزر میں ٹکر، متعدد جاں بحق، درجنوں زخمی
ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ پاکستان پرامن بقائے باہمی اور استحکام پر یقین رکھتا ہے، تاہم پاک بحریہ کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے بھی مضبوط فضائیہ کی اہمیت پر زور دیا تھا اور فرمایا تھا کہ مضبوط فضائیہ کے بغیر کوئی ملک دشمن کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔
نیول چیف کے مطابق پاک فضائیہ نے متعدد مواقع پر کامیابیوں کی تاریخ رقم کی ہے، اس کی تابناک تاریخ اسے ورثے میں ملی ہے اور اس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں و مہارتوں کا دنیا اعتراف کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قوم کا اعتماد افواج پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہے۔
سربراہ پاک بحریہ نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ دفاعی شراکت داری قائم ہے، دونوں ممالک نے ہر آزمائش کی گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اور انہیں ترکیہ کے ساتھ اس شراکت داری پر فخر ہے۔





