تختی خیل آپریشن کے زخمیوں کی عیادت کے لیے کمانڈر 116 بریگیڈ اور آر پی او بنوں ہسپتال پہنچ گئے

سلمان علی خان
بنوں: کمانڈر 116 بریگیڈ بریگیڈیئر عمیر نیازی اورآر پی او بنوں ریجن سجاد خان نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال بنوں اور خلیفہ گل نواز ہسپتال کا دورہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے تختی خیل آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں اور عام شہریوں کی عیادت کی۔

دورے کے دوران کمانڈر اور ڈی آئی جی نے زیرِ علاج زخمیوں کی خیریت دریافت کی اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔

انہوں نے ڈاکٹروں اور طبی عملے کو ہدایات دیں کہ زخمیوں کو بہترین اور بروقت طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ بریگیڈیئر عمیر نیازی نے واضح کیا کہ اہلکاروں کے علاج معالجے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

ڈی آئی جی سجاد خان نے دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے مقابلہ کرنے والے پولیس اہلکاروں اور عوام کے حوصلے اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔

واضح رہے کہ ضلع لکی مروت کے تھانہ نورنگ کی حدود تختی خیل میں پولیس، سی ٹی ڈی اور عوام نے مشترکہ آپریشن کیا، جس کے دوران چھ دہشتگرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں : لکی مروت: سی ٹی ڈی اور لکی پولیس کی کامیاب کارروائی، مطلوب دہشتگرد کمانڈر ہلاک

آپریشن کے دوران شدید فائرنگ اور ڈرون حملوں کے نتیجے میں پولیس اہلکار اور عام شہری زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ریاستی ادارے امن و امان کے قیام کے لیے پرعزم ہیں اور دہشتگردی کے خاتمے تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔

Scroll to Top