اسلام آباد: سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کی قائد شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 18ویں برسی آج عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔
اس موقع پر سندھ بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ گڑھی خدا بخش میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں دس ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں اور داخلی و خارجی راستوں پر سخت نگرانی کی جا رہی ہے۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے سکیورٹی ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں۔
اس موقع پر آصفہ بھٹو زرداری نے گڑھی خدا بخش میں شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے مزاروں پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار اور دیگر سیاسی رہنما بھی گڑھی خدا بخش پہنچے جہاں انہوں نے شہدا کے مزاروں پر حاضری دی اور خراج عقیدت پیش کیا۔
پیپلز پارٹی کے کارکنان اور جیالوں کی بڑی تعداد ملک کے مختلف حصوں سے گڑھی خدا بخش پہنچ رہی ہے۔ میئر سکھر کی قیادت میں پیدل قافلہ بھی گڑھی خدا بخش کے لیے روانہ ہوا۔
یہ بھی پڑھیں : سہیل آفریدی کا لاہور دورہ، اہم ملاقاتوں کا شیڈول پختون ڈیجیٹل نے حاصل کر لیا
پارٹی ذرائع کے مطابق چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر مملکت آصف علی زرداری آج گڑھی خدا بخش میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔
دوسری جانب لیاقت باغ راولپنڈی میں بھی شہید بینظیر بھٹو کی جائے شہادت پر جیالوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا، جہاں کارکنان نے فاتحہ خوانی کی اور اپنی قائد کو خراج عقیدت پیش کیا۔
ملک بھر میں مختلف مقامات پر بھی برسی کے حوالے سے دعائیہ تقریبات، سیمینارز اور اجتماعات منعقد کیے جا رہے ہیں، جن میں شہید بینظیر بھٹو کی جمہوریت کے لیے خدمات اور قربانیوں کو یاد کیا جا رہا ہے۔





